اسلام آباد: پیکا ایکٹ ترمیم 2025ء کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار وکیل عادل عزیز قاضی پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اس نوعیت کی دیگر درخواستیں بھی زیر سماعت ہیں، اس لیے ان پر ایک ہی حکم جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔یہ معاملہ پاکستان میں آزادیٔ اظہار اور سوشل میڈیا قوانین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پیکا ایکٹ میں کی جانے والی حالیہ ترامیم پر صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگر صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی اس ایکٹ کے خلاف درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ عدالت نے ان تمام درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے 17 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔