بھارت میں خواتین پر ظلم کی انتہا، 22 سالہ کانگریس ورکر بے رحمی سے قتل

بھارت میں خواتین پر ظلم کی انتہا، 22 سالہ کانگریس ورکر بے رحمی سے قتل

ہریانہ کے روہتک ضلع میں کانگریس کی سرگرم کارکن ہمانی نروال کی لاش یکم مارچ 2025 کو ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔

 پولیس نے اس کیس میں سچن نامی 32 سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے، جو دو بچوں کا باپ ہے اور گاؤں کنوڈا میں موبائل کی دکان چلاتا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں سچن نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ہمانی کو اس کے گھر پر قتل کرنے کے بعد لاش کو سوٹ کیس میں ڈال کر ٹھکانے لگایا۔ ملزم کا دعویٰ ہے کہ ہمانی اسے پیسے کے لیے بلیک میل کرتی تھی اور اس نے اسے کافی رقم دی تھی، لیکن وہ مزید رقم کا مطالبہ کر رہی تھی۔کانگریس پارٹی نے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر کہا، "ہریانہ کے روہتک میں کانگریس کارکن ہمانی نروال کے بہیمانہ قتل کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔" پارٹی نے مزید کہا کہ اس ظالمانہ اور شرمناک واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔

پولیس نے اس کیس کی تفتیش کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے اور ملزم کا فون برآمد کر لیا ہے۔ تحقیقات میں سائبر اور فارنزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی مدد لی جا رہی ہے تاکہ تمام زاویوں سے کیس کی جانچ کی جا سکے۔یہ واقعہ بھارت میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم کی ایک اور مثال ہے، جس پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ قتل اور دیگر مظالم کے معاملات کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔