6 سال بعد مریض کے پیٹ سے موبائل فون نکال لیا گیا

قاہرہ(آئی این پی)منصورہ یونی ورسٹی کے انٹرنل میڈیسن سپیشلائزڈ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ایک حیرت انگیز سرجری کے دوران ایک مریض کے پیٹ سے موبائل فون نکال لیا، جو چھ سال سے اس کے معدے میں موجود تھا۔مریض طویل عرصے سے پیٹ درد کی شکایت کے ساتھ مختلف ہسپتالوں کے چکر لگا رہا تھا۔ آخر کار ڈاکٹروں نے ضروری ٹیسٹ کیے، جن سے معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں کوئی دھاتی چیز پھنسی ہوئی ہے۔ صورتحال واضح ہونے پر فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا، جو تقریباً45منٹ تک جاری رہی۔ ڈاکٹر اسما جمیل کے مطابق جب فون نکالا گیا تو پتا چلا کہ یہ چھ سال سے اس کے جسم کے اندر موجود تھا، جس کی وجہ سے معدے میں شدید سوزش ہو چکی تھی اور مریض کا وزن تقریباً 30کلوگرام کم ہو گیا تھا۔ڈاکٹر اسما نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتنے طویل عرصے تک پیٹ میں رہنے کے باوجود موبائل فون کی بیٹری نہیں پھٹی، جو ایک بڑی خطرناک صورت حال پیدا کر سکتی تھی۔