پشاور(آئی این پی )پشاورہائیکورٹ نے قدرتی گیس کے ٹیرف میں اضافے کیخلاف دائر رٹ پر گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا اور درخواست گزار صنعتوں کو پرانے ریٹ پر ادائیگی کا حکم دیا ہے، گزشتہ روز جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ پر مشتمل دورکنی بنچ نے لکی سیمنٹ، چراٹ سیمنٹ وغیرہ کی درخواستو ں کی سماعت کی۔اس دوران ایس این جی پی ایل کے وکیل اسد جان اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راحت علی نحقی پیش ہوئے، درخواست گزاروں کے وکیل شمائل بٹ نے بتایا آرٹیکل 158کے تحت دوسرے صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی صنعتوں کو یکساں ریٹ پر گیس ملنی چاہیے لیکن وفاقی حکومت یہاں کی صنعتوں کو سپلائی کم کرنا چاہتی ہے، پہلے بھی نومبر میں پشاور ہائیکورٹ نے اسی قسم کا اضافہ معطل کیاتھا۔