جی پی ایس پر انحصار مہنگا پڑگیا، سیٹل میں خاتون کی گاڑی ٹرین کی پٹری پر چڑھ گئی، ویڈیو وائرل ہوگئی

جی پی ایس پر انحصار مہنگا پڑگیا، سیٹل میں خاتون کی گاڑی ٹرین کی پٹری پر چڑھ گئی، ویڈیو وائرل ہوگئی

امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میں ایک غیر معمولی واقعے میں 70 سالہ خاتون ڈرائیور مبینہ طور پر جی پی ایس کی غلط ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی گاڑی لائٹ ریل ٹرین کی پٹری پر لے گئیں، جس کے باعث ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کرنا پڑی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون راستہ تلاش کرنے کے لیے نیویگیشن سسٹم پر انحصار کر رہی تھیں۔ اسی دوران جی پی ایس کی جانب سے دی گئی ہدایت انہیں عام سڑک کے بجائے براہِ راست ریل ٹریک پر لے گئی، جس کا انہیں فوری طور پر اندازہ نہ ہو سکا۔عینی شاہدین کے مطابق خاتون کافی دیر تک گاڑی ٹریک پر چلاتی رہیں، جس کے نتیجے میں علاقے میں ٹرین آپریشن متاثر ہوا اور مسافروں کو شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریک کو کلیئر کرایا۔فائر ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بھاری مشینری کی مدد سے گاڑی کو ریل ٹریک سے ہٹا دیا گیا۔ اس دوران احتیاطی طور پر ٹرین سروس بھی روک دی گئی تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خاتون کسی نشہ آور حالت میں نہیں تھیں، تاہم انہیں احتیاطاً طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی صحت اور ذہنی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جی پی ایس سسٹم میں خرابی تھی یا یہ انسانی غلطی کا نتیجہ تھا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر جدید نیویگیشن سسٹمز پر حد سے زیادہ انحصار کے خطرات کو اجاگر کیا ہے۔