نومولود بچہ ریل کی پٹری پر گر گیا، باپ نے چلتی ٹرین کے نیچے جا کر بچے کو بچالیا، ویڈیو وائرل

نومولود بچہ ریل کی پٹری پر گر گیا، باپ نے چلتی ٹرین کے نیچے جا کر بچے کو بچالیا، ویڈیو وائرل

بنگلا دیش میں ایک حیران کن اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اپنے کمسن بچے کو موت کے منہ سے نکال لیا۔

یہ واقعہ 28 اپریل کو بھیرب ریلوے جنکشن پر پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکہ جانے والی ایک مسافر ٹرین پلیٹ فارم نمبر ایک پر داخل ہو رہی تھی کہ اسی دوران ایک میاں بیوی اپنے بچے کے ساتھ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرین میں چڑھتے وقت خاتون کا پاؤں پھسل گیا اور وہ بچے سمیت پلیٹ فارم پر گر گئی۔ اسی لمحے بچہ اس کے ہاتھ سے پھسل کر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان موجود خطرناک خلا میں جا گرا جبکہ ٹرین نے حرکت شروع کر دی۔اس انتہائی نازک صورتحال میں بچے کے والد نے لمحہ بھر کی تاخیر کیے بغیر پٹری پر چھلانگ لگا دی، بچے کو اٹھایا اور خود زمین پر لیٹ کر اسے مضبوطی سے تھام لیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کے کئی ڈبے نہایت قریب سے ان کے اوپر سے گزرتے رہے، جبکہ پلیٹ فارم پر موجود افراد خوف کے عالم میں چیختے اور دعائیں کرتے رہے۔

خوش قسمتی سے باپ اور بچہ دونوں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ٹرین گزرنے کے بعد والد اپنے بچے کو سینے سے لگائے صحیح سلامت اٹھ کھڑا ہوا جبکہ بچے کی والدہ روتے ہوئے ان کے پاس پہنچ گئی۔اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مقامی افراد کی مدد سے دونوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جہاں صارفین باپ کی بہادری اور فوری حاضر دماغی کو سلام پیش کر رہے ہیں۔