ریسکیو 1122 نے 1461 متاثرین کو امداد دی، موٹر سائیکل حادثات کی تعداد سب سے زیادہ رہی
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1238 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 668 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 780 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (80 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی کالز کے مطابق ان حادثات میں 837 ڈرائیورز، 61 کم عمر ڈرائیور، 480 مسافر اور 144 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 247 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جہاں 285 متاثرین کے ساتھ لاہور پہلے نمبر پر رہا، جبکہ ملتان 95 حادثات اور 103 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور فیصل ا?باد 76 حادثات اور 91 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1461 متاثرین میں 1169 مرد اور 292 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 234 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 806 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور 421 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان حادثات کے بیشتر واقعات میں 1349 موٹر سائیکلیں، 78 ا?ٹو رکشے، 118 کاریں، 22 وینیں، 17 مسافر بسیں، 37 ٹرک اور 64 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔