ہئیر پولیس کی کارروائی، منشیات کی بڑی کھیپ برآمد،3 ملزم گرفتار

 عدیل، جاوید اور خلیل  سے 8کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، جرم کا اعتراف کرلیا
 لاہور(کرائم رپورٹر) ہئیر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بنا دی اور 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او ہئیر آصف فرید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ دوران چیکنگ 3 منشیات فروشوں کو منشیات کی ڈیلوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عدیل، جاوید اور خلیل شامل ہیں۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 8 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مضافاتی علاقوں میں نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہئیر آصف فرید اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔