شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی نئی شرح کا اعلان

تین ماہ کی مدت والے سرٹیفکیٹس پر منافع 11.24فیصد مقرر،ایک لاکھ پر 2,810روپے کا منافع حاصل ہوگا
 کراچی (آئی این پی )سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے ملک میں مہنگائی میں کمی کے پیش نظر فروری 2025سے قلیل مدتی سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔نئی شرح کے مطابق تین ماہ کی مدت والے سرٹیفکیٹس پر منافع 11.24 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 100,000 روپے کی سرمایہ کاری پر 2,810 روپے کا منافع حاصل ہوگا۔ اس سے قبل یہ شرح 12.76 فیصد تھی۔چھ ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر منافع 11.32 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 100,000 روپے پر 5,660 روپے کا منافع ملے گا، جو کہ پچھلی 12.74 فیصد شرح کے مقابلے میں کم ہے، جب 6,370 روپے حاصل ہوتے تھے۔ایک سال کی مدت والے سرٹیفکیٹس کے لیے نئی منافع کی شرح 11.38 فیصد مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق 100,000 روپے کی سرمایہ کاری پر 11,380 روپے کا منافع حاصل ہوگا۔ان سرٹیفکیٹس پر ٹیکس کا انحصار سرمایہ کار کے ٹیکس اسٹیٹس پر ہوگا۔ جو افراد ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہیں، ان پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ نان فائلرز کے لیے یہ شرح 30 فیصد ہوگی۔