روٹس، داخلی راستوں اور بلند عمارتوں پراہلکار تعینات کرنے کی ہدایت

لاہور(کرائم رپورٹر) محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اہم عزاداری جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاد باغ ایریا میں 4 محرم الحرام کو برآمد ہونے والے عزاداری جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر متعلقہ سرکل افسر، ایس ایچ او، پولیس اسٹاف، بانی جلوس، منتظمین اور امن کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ ایس پی سٹی نے منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں امن و امان برقرار رکھنے، حکومتی احکامات پر عملدرآمد اور جلوس کے مقررہ اوقات کی پابندی سے متعلق آگاہ کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق عاطف امیر نے جلوس کے روٹ پر آنے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام اہم مقامات پر مئوثر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے روٹس اور گردونواح میں سرچ آپریشنز اور کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی کو مزید مئوثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور مجالس و جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔