حکومتی اقدامات انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہیں:پیپلز پارٹی

 شکست کے خوف سے بعض سیاسی عناصر اور حکومتی حلقے پری پول رگنگ میں مصروف ہیں
 الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے :سینیٹر پلوشہ خان، سینیٹر شہادت اعوان، سحر کامران  کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماؤں سینیٹر پلوشہ خان، سینیٹر شہادت اعوان اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے الزام عائد کیا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات سے قبل حکومتی اقدامات انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہیں، جن کا الیکشن کمیشن کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتہائی اہم انتخابات ہونے جا رہے ہیں، لیکن شکست کے خوف سے بعض سیاسی عناصر اور حکومتی حلقے پری پول رگنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کے اعلانات انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل، سرکاری افسران کے تبادلے اور سرکاری مشینری کے ذریعے ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سحر کامران نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور یہ بھی واضح کرے کہ وفاقی و صوبائی وزراء￿  انتخابی مہم میں کس حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں جبکہ کراچی میں پیپلز پارٹی پہلے ہی بلدیاتی نظام کو فعال بنا چکی ہے۔