پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں کسی بھی اہم قانون سازی کا حصہ نہیں بنے گی ‘کورم کی نشاندھی کی جائیگی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاق میں حکومتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرنے لگے ،پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ اجلاسوں کیلئے نئی حکمتِ عملی تیار کر لی جس کے تحت مسلم لیگ ن کی حکومت کو پارلیمان میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی پر براہِ راست اثر انداز ہونے کی پوزیشن میں آئے گی اور نئی اسٹریٹجی کے تحت حکومت کے لئے قانون سازی کا عمل مشکل بنا دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں کے اجلاسوں میں حکومت کو دبائو میں لانے کے لئے کورم کی نشاندہی کرے گی تاکہ اجلاس کا انعقاد متاثر ہو۔ اگر کورم پورا نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اجلاسوں کا بائیکاٹ کرے گی، جس سے قانون سازی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔