وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مانسہرہ ‘ چلاس موٹروے کی منظوری دیدی

موٹروے کی  لمبائی 172 کلومیٹر ہوگی، مانسہرہ سے کاغان اور چلاس کا120 کلومیٹر تک کم ہو جائے گا
 اسلام آباد (آن لائن)پاکستان میں ٹرانسپورٹ، سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مانسہرہ سے کاغان اور چلاس تک 172 کلومیٹر طویل موٹروے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے مانسہرہ، کاغان، ناران، جھل کھنڈ اور چلاس سے گزرنے والی نئی موٹروے کی تعمیر کی منظوری دی۔منصوبے کے مطابق موٹروے کی مجموعی لمبائی 172 کلومیٹر ہوگی، جس سے مانسہرہ سے کاغان اور چلاس کے درمیان فاصلہ تقریبا 120 کلومیٹر تک کم ہو جائے گا۔منصوبے کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں مانسہرہ سے کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ تک موٹروے تعمیر کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں بابوسر ٹاپ سے چلاس تک شاہراہ بنائی جائے گی۔