بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بے پناہ کرپشن،غربت بڑھی ‘ ختم نہیں ہوئی رانا ثناء ا للہ

3ماہ میں 13 ہزار دینا لوگوں کو بھکاری بنانے والی بات ہے‘  بلاول بھٹو کی رائے کا احترام ہے،  گلگت بلتستان جا کر صرف تقاریر کرنے سے فنڈز میں اضافہ نہیں ہو سکتا
 بلاول اپنی تقریر میں طعنہ وزیراعظم یا اسلام آباد کو دے رہے ہیں‘ کراچی کے لئے الگ بلدیاتی نظام بنانا اور بلدیاتی اداروں کو اختیار دینا ہوں گے: مشیر  سیاسی امور
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  میں بے پناہ کرپشن،غربت بڑھی ہے ختم نہیں ہوئی‘ ماہ میں 13 ہزار دینا لوگوں کو بھکاری بنانے والی بات ہے‘ کراچی میں الگ بلدیاتی نظام بنانا ہوگا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے   ایک ٹی وی چینل  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے معاملات انتہائی تشویشناک ہیں، جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے الگ بلدیاتی نظام بنانا اور بلدیاتی اداروں کو اختیار دینا ہوں گے، اگر ایسا نہیں کرتے تو نئے انتظامی یونٹس بنا لیں کیونکہ اس کے بغیر شہر نہیں چل سکتے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا  بلاول بھٹو کی رائے کا احترام ہے، لیکن گلگت بلتستان جا کر صرف تقاریر کرنے سے فنڈز میں اضافہ نہیں ہو سکتا۔ اس معاملے پر بیٹھ کر بات کر سکتے ہیں۔ن لیگی رہنما نے کہا  بلاول اپنی تقریر میں طعنہ وزیراعظم یا اسلام آباد کو دے رہے ہیں، ان کی تقریر کے سامنے کراچی کو رکھا جائے تو یہ ساری چیزیں ان کیلئے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو اگر 58 فیصد حصہ لینا ہے تو سوشل ویلفیئر کی ذمہ داری بھی اٹھانی پڑے گی۔ بی آئی ایس پی میں بے پناہ کرپشن ہے، اس سے غربت بڑھی ہے، ختم نہیں ہوئی۔ 3 ماہ میں 13 ہزار دینا لوگوں کو بھکاری بنانے والی بات ہے۔