اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عمر حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔عدالت میں پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ دے دیا۔ ملزم عمر حیات کو پولیس نے سخت سکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر عدالت پہنچایا۔ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں پولیس نے اس کے جسمانی ریمانڈ اور شناخت پریڈ کی درخواست کی۔ڈیوٹی مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے حکم جاری کیا کہ سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل ملزم کی شناخت پریڈ کے دوران کسی سے ملاقات نہ کرائیں، نیز پولیس کو 18 جون سے قبل شناخت پریڈ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔