انڈونیشیا، پاکستان کی کامیابی کے بعد چین سے J-10 لڑاکا طیارے خریدنے کا امکان زیر غور

انڈونیشیا، پاکستان کی کامیابی کے بعد چین سے J-10 لڑاکا طیارے خریدنے کا امکان زیر غور

جکارتہ/بیجنگ: پاکستان کی جانب سے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں چینی ساختہ J-10C لڑاکا طیاروں کے ذریعے بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کے بعد انڈونیشیا نے بھی چین سے یہ جدید طیارے خریدنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع ڈونی ایرماوان نے بتایا ہے کہ وہ چین سے J-10 طیاروں کی خریداری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان کے تجربے کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے انڈونیشیا کو نہ صرف J-10 لڑاکا طیارے بلکہ بحری جہاز، ہتھیار اور دیگر دفاعی سازوسامان فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔نائب وزیر دفاع نے مزید کہا کہ انڈونیشیا امریکی F-15 اور فرانسیسی رافیل طیاروں کی خریداری کے متبادل آپشنز پر بھی غور کر رہا ہے۔

 انڈونیشیا نے 2022 میں 8.1 ارب ڈالر کی مالیت کے 42 رافیل طیارے خریدے تھے، جن میں سے 6 اگلے سال فراہم کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ حالیہ پاک-بھارت فضائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے چینی J-10C لڑاکا طیاروں کی مدد سے بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے مار گرائے تھے، جن میں 3 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے، جس نے عالمی دفاعی حلقوں میں خاصی توجہ اور حیرت پیدا کی تھی۔