نیازی بس سروس پر ٹریول آئی سافٹ وئیر میں جعلی انٹریاں کی جا رہی تھیں،ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(کرائم رپورٹر) اشتہاری و مفروران کو پکڑنے میں رکاوٹ بننے والا ٹرانسپورٹر گرفتار ، نیازی بس سروس جعلی شناختی کارڈز پر مسافروں کی انٹری کرتے پکڑی گئی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ نیازی بس سروس پر ٹریول آئی سافٹ وئیر میں جعلی انٹریاں کی جا رہی تھیں، اشتہاری و مفروران عید کے دنوں میں آبائی گھروں کو سفر کرتے ہیں،ٹریول آئی سافٹ وئیر کی مدد سے اشتہاریوں، مفروران کو پکڑا جاتا ہے،دیگر صوبوں کے بیشتر افراد نیازی بس سروس کا استعمال کرتے ہیں۔ماضی میں بھی متعدد اشتہاری و افغان شہری بس سروس اڈوں سے سفر کی کوشش میں پکڑے گئے،جرم پکڑے جانے پر بس سروس مالک و معروف ٹک ٹاکر نے پولیس کو ہراساں کرنے کی کوشش کی،جرم چھپانے کے لیے پولیس کو زبردستی روکنے کی کوشش اور الزام تراشی کی گئی۔ ٹک ٹاکر کی طرف سے پولیس پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، سواریوں کی شناخت چھپانے سے اشتہاری یا دہشت گرد کو سہولت کاری مل سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ذرا سا لالچ یا لاپرواہی کسی بڑی سانحہ کا سبب بن سکتی ہے،مجرموں کو جیل میں رکھنا، اپنے لوگوں کی حفاظت لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔