رول آف لاء کے لیے بانی کو جیل سے رہا کرنا پڑے گا: اعظم سواتی

جہاں ظلم کا نظام ہو وہاں انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں،عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)رہنما پاکستان تحریکِ انصاف اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کے لیے بانی پی ٹی آئی کا رہا ہونا ضروری ہے، رول آف لاء کے لیے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہا کرنا پڑے گا۔اعظم خان سواتی نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جہاں ظلم کا نظام ہو وہاں انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں، پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی راستہ نہیں۔اس سے قبل انسدادِ  دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف 26نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اعظم خان سواتی و دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔عدالت کی جانب سے عمر ایوب کے خلاف درج 2 مقدمات کی سماعت 14جون جبکہ اعظم سواتی کے خلاف درج 1مقدمے کی سماعت 13جون تک ملتوی کر دی گئی۔