نااہلی ریفرنس میں عمر ایوب کو اگست تک مہلت مل گئی

اسلام آباد(آئی این  پی)عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہوئی جس میں  اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی مہلت کی درخواست منظور کرلی گئی ۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس پر سماعت  چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن  نے کی، جس میں عمر ایوب روسٹرم پر آئے اور بتایا کہ مجھے نااہلی ریفرنس کی کاپی مل گئی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ میں نے ابھی وکیل بھی مقرر کرنا ہے۔ بجٹ اجلاس شروع ہو رہا اور میں فنانس کمیٹی کا ممبر ہوں، وہاں پر بجٹ میٹنگ دو ہفتے ہوتی ہیں۔ مجھے بجٹ اجلاس اور وکیل مقرر کرنے کے لیے وقت دے دیں۔ جولائی کے مہینے میں سماعت رکھ لیں۔ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے کہا کہ اسپیکر ریفرنس پر 90 دن کا وقت ہوتا ہے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کی استدعا مان لی اور عمر ایوب نا اہلی کیس کی سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی۔دورانِ سماعت عمر ایوب کے وکیل نے جواب جمع کرانے اور دلائل کے لیے بھی مہلت مانگ لی، جس پر الیکشن کمیشن نیکیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی ۔