کوئی نیا ٹیکس کو نافذ کرنے پر وفاق کا ساتھ نہیں دوں گا: علی امین گنڈاپور

خیبرپختونخوا کو اپنے حقوق مل رہے ہیں، ہمارے حقوق ملنے کے بعد وفاق اور صوبے دونوں کو فائدہ ہو گا
ہمارا صوبہ معاشی طور پر سب سے اچھی پوزیشن میں ہے:قومی اقتصادی کونسل اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے غور کیا گیا، ہر صوبے نے اور وفاق نے اپنے مفادات کے مطابق بجٹ بنانا ہے، خیبرپختونخوا کو اپنے حقوق مل رہے ہیں، ہمارے حقوق ملنے کے بعد وفاق اور صوبے دونوں کو فائدہ ہو گا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا  اگست میں این ایف سی ایوارڈ کے لئے اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوا ہے، ہمارا صوبہ معاشی طور پر سب سے اچھی پوزیشن میں ہے، ہم آئے تھے تو صوبہ ہمیں بہت برے حالات میں ملا تھا، ہم فلاحی بجٹ دیں گے، صنعتوں، زراعت اور ماحول پر فوکس کیا گیا ہے۔این ایف سی پر صوبے کو حقوق مل رہے ہیں، سی سی آئی کے اگلے اجلاس میں این ایف سی اور تمباکو کا مسئلہ بھی حل ہو گا، ہم نے گڈ گورننس سے اپنے صوبے کو مالی طور پر خودمختار بنایاہے، سوا سال میں اپنے صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے۔