بگ بیش لیگ: سڈنی سکسرز کی برسبین ہیٹ کے خلاف 3 وکٹ سے فتح

بگ بیش لیگ: سڈنی سکسرز کی برسبین ہیٹ کے خلاف 3 وکٹ سے فتح

بگ بیش ٹی20 لیگ کے 24ویں میچ میں سڈنی سکسرز نے برسبین ہیٹ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دے دی۔

کوفس ہاربر میں کھیلے گئے میچ میں برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 114 رنز اسکور کیے۔ برسبین ہیٹ کی جانب سے جیک ویلڈرمتھ 31 اور ویبگین 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر بلے باز سڈنی سکسرز کے بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کر سکے۔سڈنی سکسرز کی جانب سے بولنگ میں شاندار کارکردگی دیکھنے میں آئی، جوئیل ڈیوس، شان ایبٹ اور بین وارشوس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کر کے برسبین ہیٹ کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی سکسرز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر بابر اعظم صرف 2 رنز بنا کر جلد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد بھی سکسرز کو وقفے وقفے سے وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا، جس سے میچ سنسنی خیز ہوگیا۔

تاہم جوئیل ڈیوس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ ہیڈن کیئر نے 27 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ سڈنی سکسرز نے مطلوبہ ہدف 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔برسبین ہیٹ کی جانب سے میتھیو کونی مان اور اولی پیٹرسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، مگر کم مجموعے کے باعث وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔اس فتح کے ساتھ سڈنی سکسرز نے بگ بیش لیگ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی، جبکہ برسبین ہیٹ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔