بیت المقدس(یواین پی)فلسطینی صدر محمود عباس نے ایک فرمان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وطن اور دیارِ غیر میں مقیم فلسطینی عوام کو یکم نومبر 2026 کو نیشنل کونسل کے انتخابات کے لیے مدعو کیا ہے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہوگا کہ یہ انتخابات عام رائے دہی (پبلک بیلٹ)کے ذریعے ہوں گے۔صدارتی فرمان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتخابات فلسطین کے اندر اور باہر جہاں بھی ممکن ہو منعقد کیے جائیں، تاکہ فلسطینی عوام جہاں کہیں بھی موجود ہیں، ان کی وسیع تر شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ انتخابات مکمل متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہوں گے تاکہ فلسطینی عوام کے تمام طبقات کی منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔فرمان میں اس بات کی بھی نشان دہی کی گئی ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی مکمل نگرانی کرے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ کونسل کے ارکان کا انتخاب عام رائے دہی کے ذریعے کیا جائے گا، کیونکہ اس سے قبل انہیں نامزد کیا جاتا تھا یا بلامقابلہ منتخب کیا جاتا تھا۔