سینیٹ قائمہ کمیٹی : بھکاریوں کی سزائوں میں اضافے کا بل منظور

 سہولت کاری کرنے والوں اور بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کو 10 سال سزا ہوگی 
 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پریونشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس اور بھکاریوں کے حوالے سے سزائوں میں اضافہ کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔سینیٹر فیصل سلیم کی صدرات میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے پریونشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس بل پیش کیا گیا۔سیکریٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ بہت زیادہ ہوگئی اس حوالے سے یہ بل اہم ہے، بل میں کنوکشن اور سزاوں کے حوالے سے اقدامات کا کہا گیا ہے۔سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سزائیں بڑھانے کا مقصد یہ ہے کہ ملزمان کی ضمانتیں جلد نہ ہو سکیں، اس بل کو پاس کر دینا چاہیے۔سیکریٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ پہلے اس میں سب سے زیادہ سزا 7 سال تھی اب اس کو 10سال تک بڑھایا جائے گا۔ بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا