یوم یکجہتی کشمیر پر پشاور میں گورنر اور پی ٹی آئی وزراء کی قیادت میں مشترکہ ریلی

یوم یکجہتی کشمیر پر پشاور میں گورنر اور پی ٹی آئی وزراء کی قیادت میں مشترکہ ریلی

پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

 ریلی کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم شرکت کے باوجود مشیر صحت نے کی، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی وزراء سید قاسم علی شاہ، ملک لیاقت اور مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی شریک ہوئے۔ریلی کے دوران شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سکول کے بچے، سول سوسائٹی اور تاجروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور اس معاملے میں فوری طور پر کارروائی کرے۔یہ ریلی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا ایک اہم قدم تھا۔