مریدکے کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جس میں سی آئی اے کے سب انسپکٹر مراتب علی اور ان کے دوست ذکاء کی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر مراتب علی اور ذکاء اپنی گاڑی میں شیخوپورہ جا رہے تھے، جب مریدکے کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی کے ڈرائیور نے جان بچانے کے لیے رفتار بڑھائی، لیکن گاڑی بے قابو ہو کر ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔اس حادثے کے نتیجے میں سب انسپکٹر مراتب علی اور ان کے دوست ذکاء موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کر لیا۔
مقتول سب انسپکٹر مراتب علی سی آئی اے آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور ہیڈکوارٹر میں تعینات تھے۔ مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد سات تھی اور وہ دو گاڑیوں میں سوار تھے۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔