لاہور: کلمہ چوک کے قریب فیروزپور روڈ پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اس کے دو دوست زخمی ہوگئے۔
حادثہ ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے داخلی پلر سے موٹر سائیکل ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔پولیس کے مطابق تین دوست رات گئے موٹر سائیکل پر گھر سے کھانا کھانے کے لیے نکلے تھے کہ فیروزپور روڈ پر ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے داخلی پلر سے ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل چلانے والا نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے ساتھ سوار دو دیگر نوجوان زخمی ہوگئے۔جاں بحق نوجوان کی شناخت عدیل عرف بلا کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجہ اندھیرا اور تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار تینوں نوجوان متاثر ہوئے، جن میں سے ایک جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمی نوجوانوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔