وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں بے شمار ہیں، اور ان کی جدوجہد کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر جوانوں، ماں، بہنوں اور دیگر افراد کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے حقوق کے لیے پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔عطاء اللّٰہ تارڑ نے زور دیا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے اور ان کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت ہمیشہ جاری رکھی جائے گی، چاہے حالات کیسے بھی ہوں۔