یوم یکجہتی کشمیر:بھارتی مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیں:بیرسٹر سلطان

 بھارت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اس کا شیرازہ بکھر جائے گا اور مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا
 آج کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ،صدر آزادکشمیر کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام
اسلام آباد (آ ئی این پی) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ آج 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیں۔بھارت جس طرح مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہے اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ بھارت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اس کا شیرازہ بکھر جائے گا اور مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہارصدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے آج5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے مزید کہا کہ آج کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پائمالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پائمالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔