اگروال کو ذاتی کمپیوٹر پر بلا اجازت براہموس کے اہم راز رکھنے کا قصوروار قرار دیا گیا
ممبئی (آئی این پی )بھارت میں ممبئی ہائی کورٹ نے براہموس میزائل ایرو سپیس انجینیئر نشانت اگروال کو پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام سے بری کرتے ہوئے ان کی عمر قید کی سزا کو ختم کر دیا ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 2 ججز پر مشتمل باگپور بینچ نے اگروال کی اپیل کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں پوری طرح ناکام ہے کہ ملزم نے براہموس میزائل کے اہم راز پاکستان کو فراہم کیے تھے۔تاہم اس فیصلے میں نشانت اگروال کو اپنے ذاتی کمپیوٹر پر بلا اجازت براہموس کے اہم راز رکھنے کا قصوروار قرار دیا گیا ہے، انھیں آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم چونکہ وہ 3 برس کی سزا پہلے ہی جیل میں کاٹ چکے ہیں تو اس لیے انہیں عدالت نے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔نشانت اگروال کا تعلق اتراکھنڈ ریاست سے ہے۔ملزم نے براہموس ایرو سپیس کے ٹکنیکل ریسرچ ڈویژن میں 4 برس تک سسٹم انجینیئر کے طور پر کام کیا تھا، بمبئی ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وہ اس اہم ٹیم کے رکن تھے جس نے مسلح افواج کے لیے 2014 سے 2018 تک 70 سے 80 میزائل ہینڈل کیے، وہ براہموس کے خفیہ پروجیکٹس کا حصہ تھے۔انہیں 2017-2018 کے دوران نوجوان سائنسدان کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، جب کہ انہیں 2017 میں سینیئر سسٹم انجینیئر کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔