افسران کی رہائش گاہوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی
لاہور(زیڈ این این)موسمی خطرات اور بارشوں کے دوران بجلی کی بندش کو روکنے کے لیے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں میں جدید برقی نظام نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں جی او آر ون(گورنمنٹ آف پاکستان ریزیڈنسی کمپلیکس) میں رہائش پذیر افسران کے لیے 1.66 ارب روپے کے فنڈز منظور کر دیے گئے ہیں۔ منصوبے کی منظوری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے دی ہے۔منصوبے کے تحت زیرِ زمین کیبلنگ، سب سٹیشنز کی اپگریڈیشن اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ کسی بھی موسمی شدت یا ایمرجنسی کی صورتحال میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اپگریڈیشن سے نہ صرف بجلی کا نظام مضبوط ہوگا بلکہ رہائشی علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، جو قدرتی آفات یا شدید موسم کے دوران اہمیت رکھتا ہے۔