علیمہ خان سلائی مشین بند ہونے سے دکھی ‘ بھارتی میڈیا کی پناہ لے رہی ہیں خواجہ آصف

علیمہ خان جس جنگ کی بات کر رہی ہیں، اگر بھارت نے ہم پر دوبارہ مسلط کی تو بھارت کے ساتھ یہ بھی بین کردیں گے
پاکستان کی سیاسی جنگ پاکستان میں لڑیں، دشمن کی گود میں بیٹھ کر وطن دشمنی نہ کریں، ظرف کا مظاہرہ کریں: وزیر دفاع
اسلام آباد(آئی  این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  علیمہ خان جس جنگ کی بات کر رہی ہیں، اگر بھارت نے ہم پر دوبارہ مسلط کی تو بھارت کے ساتھ یہ بھی بین کریں گے، پاکستان کی سیاسی جنگ پاکستان میں لڑیں، دشمن کی گود میں بیٹھ کر وطن دشمنی نہ کریں، ظرف کا مظاہرہ کریں۔   سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے  بانی  پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے  کہا کہ یہ اقتدار کے لئے  ڈیسپریٹ لوگ ہیں، سلائی مشین بند ہے، اس لئے دکھی ہیں اور بھارتی میڈیا کی پناہ لے رہی ہیں۔ جس جنگ کی یہ محترمہ بات کر رہی ہیں، اگر بھارت نے ہم پر دوبارہ مسلط کی تو بھارت کے ساتھ یہ بھی بین کریں گے، 6 ماہ قبل اسی عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو پھینٹی لگائیِ، 7 جہازوں کی بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 61 دفعہ کہہ کر مودی کی آتما رول دی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان سے محبت ریڈیکل اسلامسٹ ہے یا دین کی سر بلندی کے لئے  سر بکف ہونا ریڈیکل اسلامسٹ ہے، تو یہ لیبل 25کروڑ پاکستانی کے ماتھے پر سجا ہے۔