پی ٹی آئی پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا حصہ: شرجیل میمن

 ان کا مقصد انتشار پھیلانا،پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کر رہی ہے،رہنما صرف بڑھکیںمارتے ہیں
  گنڈاپور کا بیان بغاوت کا پیغام ،وہ ریاست کے بجائے دہشتگردوں سے لڑیں،وزیراطلاعات سندھ 
کراچی(آئی این پی )وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے عالمی سازش ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے،پی ٹی آئی کی دشمنی پاکستان سے ہے اور ان کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ کراچی میں نیب کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی چاہتی ہے، ان کی دشمنی کسی ادارے یا سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے، یہ انٹرنیشنل لابیز کے ذریعے مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں نعشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا، احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری وسائل کا استعمال کیا۔پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، اربوں روپے سے لابنگ کرنے والے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ لوگ جھوٹ کا سارا پروپیگنڈا سوشل میڈیا سے شروع کرتے ہیں، یہ پاکستان کو پوری دنیا میں متازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما صرف بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی سب سے پہلے میدان چھوڑ کر بھاگ گئے، گنڈاپور کا بیان ریاست سے بغاوت کا پیغام ہے وہ ریاست کے بجائے دہشتگردوں سے لڑیں۔