ہونہار طلباء و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے ‘ اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے‘تمام ذمہ داری اٹھائیں گے
جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم لے کر آ رہے ہیں،کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ ہو پھر بھی بلاتفریق سکالر شپ ملے گی:تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے ہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے طلبہ میں چیک تقسیم کرکے ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ اسکالر شپ کے لیے 70ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، صوبے میں طلبہ کو 30ہزار اسکالر شپ دی جا رہی ہیں، 18 ہزار طلبا اور 12ہزار طالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آ رہے ہیں لیکن لیپ ٹاپ ہو یا ضروریات طلبہ کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے، کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ ہو پھر بھی بلاتفریق اسکالر شپ ملے گی۔ ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے وسائل نہ رکھنے والے طلبا کے خواب حقیقت بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا تو وہ آپ تک کیوں نہیں پہنچا، اگر وہ پیسہ آپ تک پہنچ جاتا تو کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے۔ وزیراعلی آفس میں اب ایسی وزیراعلی ہے جو آپ کے مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔قبل ازیں، پنجاب یونیورسٹی میں تلاوت قران پاک سے تقریب کا آغاز ہوا، جی سی یونیورسٹی کی میوزیکل سوسائٹی گروپ نے قومی ترانہ پیش کیا اور کلام اقبال پیش کیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے جی سی یو کے طلبہ سے اظہار شفقت کیا۔ ہونہار اسکالرز شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔