پیٹرول کوٹہ سسٹم کے لیے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ نظام کے نفاذ میں اہم پیش رفت

پیٹرول کوٹہ سسٹم کے لیے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ نظام کے نفاذ میں اہم پیش رفت

حکومت پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر جدید کوٹہ مینجمنٹ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 12 ہزار پیٹرول پمپس کے لیے 24 ہزار موبائل ڈیوائسز کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے، جو اس نظام کے تحت استعمال ہوں گی۔پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یہ موبائل ڈیوائسز اوگرا کے ذریعے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ فیول پارکنگ ایپ کو بھی اوگرا کے ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت درآمد اور برآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ہوگی، جس سے غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام ممکن بنائی جائے گی۔ اس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک، ترسیل اور خرید و فروخت کی مکمل نگرانی کی جا سکے گی۔حکام کے مطابق پیٹرول پمپس کے عملے کو وزارت آئی ٹی، این آئی ٹی بی اور اوگرا کی جانب سے تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکار بھی اس عمل میں معاونت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول مینجمنٹ سسٹم کے لیے این آئی ٹی بی اور پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فونز استعمال کیے جائیں گے۔پالیسی کے مطابق شہریوں کی ذاتی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کوٹہ مقرر کیا جائے گا، اور کسی بھی صارف کو مقررہ حد سے زیادہ فیول خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ کے لیے تیار کردہ ایپ کی ٹیسٹنگ پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ اسے جلد ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر نافذ کیا جائے گا۔وفاقی حکومت جلد گاڑیوں کے لیے کوٹہ کا باضابطہ اعلان کرے گی، اور اس نظام کو پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی موبائل ایپ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔