لاہور: ہربنس پورہ میں ماں اور محلے دار خاتون کے قتل کا ملزم گرفتار، دو لڑکیاں بھی زخمی

لاہور: ہربنس پورہ میں ماں اور محلے دار خاتون کے قتل کا ملزم گرفتار، دو لڑکیاں بھی زخمی

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کے کوٹلی پیر عبدالرحمٰن میں اپنی والدہ اور محلے دار خاتون کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق 38 سالہ اورنگزیب نامی ملزم نے مبینہ طور پر اپنی 70 سالہ والدہ اور 50 سالہ محلے دار خاتون کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم نے محلے کی دو لڑکیوں پر بھی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہربنس پورہ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں کرائم سین انویسٹی گیشن یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔پولیس نے جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ زخمی ہونے والی دونوں لڑکیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اور تفتیش کی روشنی میں قتل کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔