تقریبات کے ذریعے مجموعی طور پر 180,000پائونڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے گئے
لندن (شوبز ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان نے فلسطینی عوام کی امداد کے لیے ایک اہم فلاحی مہم کے دوران برطانیہ میں ایک لاکھ 80 ہزار پائونڈ (تقریباً ساڑھے 6 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) جمع کر لئے۔ماہرہ خان گزشتہ دنوں مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے برطانیہ میں موجود تھیں۔ اس دوران انہوں نے مداحوں سے ملاقاتوں کے خصوصی سیشنز کا بھی اہتمام کیا، جہاں سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطین کے لیے مختص کردی گئی۔اداکارہ ان تقریبات میں دو مختلف دلکش انداز میں نظر آئیں اور ان کے مداحوں نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے امدادی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ منتظمین کے مطابق ان تقریبات کے ذریعے مجموعی طور پر 180,000 پائونڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے گئے ہیں۔