نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو آگے لے کر جائینگے ، آج تمام صوبوں سے یہ آواز آتی ہے پنجاب ہر شعبے میں سب سے بہتر ہے:وزیراعلی
وزیر اعلی سے خوشاب کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی‘ خوشاب میں الیکٹرک بس کے آغاز پر اظہار تشکر
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے مسلم لیگ ن پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے، قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو آگے لے کر جائیں گے‘ آج تمام صوبوں سے یہ آواز آتی ہے کہ پنجاب امن و امان سمیت ہر شعبے میں سب سے بہتر ہے۔۔وزیراعلی پنجاب سے خوشاب کے ارکانِ صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کو درپیش عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلی کو خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے ان مسائل کے فوری اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ارکانِ صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پر وزیراعلی کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام کو 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔