کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے:صدر زرداری عالمی برادری کوذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا:شہبازشریف
ہم ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، جب تک جموں و کشمیر کا تنازع اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا:آصف زرداری
کشمیری عوام کا حوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیر متزلزل ہے ‘ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی پُرامن اور منصفانہ جدوجہد نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے:شہبازشریف ‘کشمیریوں کے یومِ استحصال پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، جب تک کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔ یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم یومِ استحصالِ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم ان کی بہادری، ثابت قدمی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے ان غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے اس نے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ یہ اقدامات نہ تو اس تنازعے کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیر متزلزل ہے۔ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی پُرامن اور منصفانہ جدوجہد آج بھی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔عالمی برداری کوذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ یومِ استحصال کے موقع پر حکومتِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور انداز میں غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ہم اس دن کو اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ دنیا کو بھارت کے 5 اگست 2019 کے ان غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے سنگینی کی یاد دہانی کرائی جائے جن کے ذریعے اس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سات برس گزر جانے کے باوجود یہ غیر قانونی اقدامات نہ تو جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر سکے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے اپنے جائز حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم پختہ کو کمزور کر سکے ہیں۔