24 گھنٹوں میں 1403 حادثات، 734 افراد شدید زخمی

 75 موٹرسائیکلوں کے فیصد حادثات، لاہور پہلے، فیصل آباد دوسرے نمبر پررہا 
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1403 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 734 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 927 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ حادثات میں 75 فیصد تعداد موٹرسائیکلوں کی ہے۔ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل اور لین ڈسپلن کی پابندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثات میں 890 ڈرائیورز، 62 کم عمر ڈرائیورز، 609 مسافر اور 169 پیدل افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 221 حادثات کے ساتھ 260 متاثرین رپورٹ ہوئے، فیصل آباد میں 99 حادثات، 123 متاثرین، جبکہ ملتان میں 90 حادثات، 101 متاثرین رپورٹ ہوئے۔ زخمیوں میں 1315 مرد، 353 خواتین شامل ہیں۔ 291 کی عمر 18 سال سے کم، 918 کی 18 سے 40 سال اور 459 افراد کی عمر 40 سال سے زائد رہی۔ حادثات میں 1382 موٹرسائیکلیں، 88 آٹو رکشے، 144 کاریں، 28 وین، 14 بسیں، 26 ٹرک اور 173 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔