24 گھنٹوں کے دوران 1421 ٹریفک حادثات 754 افراد شدید زخمی

  لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1421 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 754 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 914 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر ہی بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ان حادثات میں موٹر سائیکلوں کے حادثات کی شرح 83 فیصد رہی۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کی بنیاد پر ان حادثات میں 934 ڈرائیور، 69 کم عمر ڈرائیور، 577 مسافر اور 179 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کنٹرول روم میں ٹریفک حادثات سے متعلق 251 کالز موصول ہوئیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت 298 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 116 حادثات اور 133 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور فیصل آباد 85 حادثات اور 102 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے مجموعی 1690 متاثرین میں 1353 مرد اور 337 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 314 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 907 افراد کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 469 زخمیوں کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔ ان ٹریفک حادثات میں 1606 موٹر سائیکلیں، 71 آٹو رکشے، 134 کاریں، 40 وینز، 24 مسافر بسیں، 34 ٹرک اور 67 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔