ہزاروں نمبرپلیٹس ایکسائز دفتر میں لاوارث ،کئی خراب

شہری نمبر پلیٹس کے حصول کیلئے خوار، عملہ حیلے بہانوں سے ٹرخانے لگا
نمبر پلیٹس کنٹریکٹر کی جانب سے لیٹ فراہم کی گئیں :ڈی جی عمرشیر چٹھہ 
لاہور( کرائم رپورٹر) محکمہ ایکسائز کی غفلت کے باعث ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس علی کمپلیکس میں لاوارث پڑی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق علی کمپلیکس ایکسائز ریجن آفس میں ہزاروں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بکھری پڑی ہیں، جنہیں مالکان تک پہنچانے کی بجائے غیر ضروری طور پر روک رکھا ہے۔ مناسب دیکھ بھال نہ ہونیکی وجہ سے کئی پلیٹس خراب ہو چکی ہیں، جس سے سرکاری وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے۔ کئی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ نمبر پلیٹس کے اجرا کے عوض رشوت طلب کی جا رہی ہے اور جو لوگ مطلوبہ رشوت ادا نہیں کرتے، انہیں بار بار چکر لگوائے جاتے ہیں۔اس حوالے سے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چھٹہ کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس کنٹریکٹر کی جانب سے لیٹ فراہم کی گئیں، اب اکثریتی مالکان نے خود سے نمبر پلیٹس بنوا کر گاڑیوں پر لگا لی ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ پھر بھی ڈاک کے زریعے سے ان پلیٹس کو مالکان تک پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ اکثر گاڑیاں ،موٹر سائیکلیں دوسری جگہ فروخت بھی ہوچکی ہیں۔