جون کے پہلے ہفتے بجٹ

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)گورننس اور بجٹ پر مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد گورننس سے متعلق تکنیکی معاونت پر پاکستانی حکام سے فالو اَپ مذاکرات کرے گا۔ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد پاکستان میں اگلے مالی سال کیلئے بجٹ سازی سے متعلق تخمینہ جات کا جائزہ لے گا جس کے بعد بجٹ اہداف کو حتمی شکل دے کر جون کے پہلے عشرے میں اگلے مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کا وفد پیر سے پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا، آئی ایم ایف وفد کے موجودہ دورے کا مقصد اصلاحاتی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف کی تکنیکی امداد کا حصول ہے۔آئی ایم ایف وفد 2025-26 کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لے گا اور گورننس سے متعلق تکنیکی معاونت پر پاکستانی حکام سے فالو اَپ مذاکرات کرے گا۔وفد آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس ریونیو اقدامات، اخراجات پر کنٹرول سے متعلق پاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا اور بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی ایم ایف وفد وزارت خزانہ حکام سے مل کر تجاویز تیار کرے گا۔ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔