بل کے حق میں 128، مخالفت میں 95ووٹ پڑے ، بل لانے کا اصل مقصد زمینیں بیچنا ہے، سنجے راوت
نئی دہلی (آئی ا ین پی) بھارتی لوک سبھا کے بعد بھارتی راجیہ سبھا میں متنازع وقف ترمیمی بل منظور کر لیا گیا جبکہ راجیہ سبھا میں سخت گیر ہندو تنظیم شیو سینا بھی متنازع وقف ترمیمی بل کے خلاف بول پڑی ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متنازع وقف ترمیمی بل کو راجیہ سبھا میں ایک طویل بحث کے بعد منظور کیا گیا جس کے حق میں 128ووٹ جبکہ مخالفت میں 95ووٹ پڑے۔سخت گیر ہندو تنظیم شیو سینا بھی بھارتی راجیہ سبھا میں متنازع وقف ترمیمی بل کے خلاف آواز اٹھاتی نظر آئی۔مہاراشٹر سے پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا ہے کہ مودی آج جتنی مسلمانوں کی فکر کر رہے ہیں، اتنی تو بیرسٹر جناح نے بھی نہیں کی ہو گی۔انہوں نے وقف کی زمینیں فروخت کر کے مسلمان لڑکیوں کی شادی کروانے کے وزیرِ داخلہ کے بیان پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ یہ بات کر کے مودی حکومت کا بھانڈا پھوٹ گیا، ان کا یہ بل لانے کا اصل مقصد ہی زمینیں بیچنا ہے۔