رمضان میںگزشتہ سالوں کی نسبت مہنگائی کی شرح بہت کم رہی، عوام کی خدمت اورمعاشی ریلیف ترجیحات میں سرفہرست ہے:وزیراعلی
دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنیوالے ورکرز کی رجسٹریشن کرنے کا حکم ‘ رجسٹریشن کے بعد گرانٹس اور دیگر مالی فوائد ملیں گے
صوبے بھر میں کم از کم اجرت کے فیصلے پر عملدآمد نہ کرنے والے اداروں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، مقرر کردہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے:مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر قیادت حکومت پنجاب نے ایک اورسنگ میل عبور کر لیا۔ حکومت نے سہولت بازار میں خریداری پر عوام کو رمضان المبارک میں ایک ارب 11کروڑ روپے کی شاندار اور بے مثال بچت ہوئی۔ اوپن مارکیٹ کے تناسب سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر نگرانی قائم خصوصی سہولت بازار کے سٹال پرعوام کو 31فیصد ریلیف دیا گیا۔ سہولت بازاروں میں ڈی سی ریٹس کے تناسب سے 11کروڑ 70لاکھ روپے ریلیف عوام کو دیا گیا۔ رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں میں 2ارب 46کروڑ 60لاکھ روپے کی خریداری ہوئی۔ عوام کورمضان المبارک میں مارکیٹ ریٹ پر خریداری کی صورت میں 3ارب 57کروڑ50لاکھ روپے ادا کرنے پڑتے تھے جبکہ ڈی سی ریٹس کے مطابق خریداری پر2ارب 58کروڑ30لاکھ روپے ادا کرنے پڑتے۔ پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او نوید رفاقت نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ دی، اس موقع پر چیئرمین افضل کھوکھر بھی موجودتھے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا عوام کو اشیاء خوردونوش اوراشیاء ضررویہ کم از کم نرخ پر مہیا کرنا چاہتے ہیں۔رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گزشتہ سالوں کی نسبت مہنگائی کی شرح بہت کم رہی۔ عوام کی خدمت اورمعاشی ریلیف ترجیحات میں اولین ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھرنے ملاقات کی۔ ملاقات میں ورکرز کو درپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کا حکم دیا۔ چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کو لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کے بعد گرانٹس اور دیگر مالی فوائد ملیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں کم از کم اجرت کے فیصلے پر عملدآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں دکانوں، پٹرول پمس اور فیکٹریوں میں کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور صوبے بھر میں لیبر رجسٹریشن بڑھانے کا حکم دے دیا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے انڈسٹریل یونٹ میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔