داسن شاناکا کی شاندار بیٹنگ، سی پی ایل تاریخ کی سب سے تیز سنچری مکمل کر لی

داسن شاناکا کی شاندار بیٹنگ، سی پی ایل تاریخ کی سب سے تیز سنچری مکمل کر لی

سری لنکن آل راؤنڈر داسن شاناکا نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کر دی۔

سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کرنے والے داسن شاناکا نے سینٹ لوشیا کنگز کے خلاف صرف 39 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔شاناکا 43 گیندوں پر 121 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ ان کی طوفانی اننگز میں 8 چوکے اور 12 چھکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 281 سے زائد رہا۔داسن شاناکا نویں اوور میں جانسن چارلس کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے، اس وقت پیٹریاٹس کا اسکور 89 رنز تھا۔ انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور آخری 10 اوورز میں رنز کی رفتار کو کئی گنا بڑھا دیا۔شاناکا کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے 20 اوورز میں 235 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سینٹ لوشیا کنگز کی پوری ٹیم صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں پیٹریاٹس نے 137 رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی۔داسن شاناکا نے اس شاندار اننگز کے ساتھ سی پی ایل میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل کے پاس تھا، جنہوں نے 40 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ اور ویسٹ انڈیز کے شمرون ہٹمایئر بھی 40، 40 گیندوں پر سنچری بنا کر اس فہرست میں شامل تھے۔