حکومت پر منحصر ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنی سنجیدہ ہے، لیاقت بلوچ

حکومت پر منحصر ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنی سنجیدہ ہے، لیاقت بلوچ

لاہور: چیئرمین مذاکراتی ٹیم اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے حکومت کی سنجیدگی اور رفتار اہم ہے۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرنے اور بجلی و روٹی کی قیمتوں میں کمی کے مطالبات پر وزیراعظم اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں عنایت اللہ خان، فراست علی شاہ، ضیاء الدین انصاری، نصر اللہ رندھاوا اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دھرنے، احتجاج اور جلسے جاری رہیں گے، کیونکہ جماعت اسلامی کا دھرنا عوامی مسائل کے حل کے لیے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومتی وفد مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ پہنچا تھا، جہاں دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت تین مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے۔ حکومتی کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ مطالبات جائز ہیں، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی تناظر میں مقرر کرنا ہوں گی۔ حکومتی وفد کے مطابق عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملاقات کے بعد حکومتی وفد اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔