118 ہیلپ لائن پر 99 فیصد شکایات حل،38 ایس ڈی اوز کو نوٹس

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیرِ صدارت 118 کسٹمر کیئر سروس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اگست 2026 کے دوران ہیلپ لائن پر تقریباً 16 لاکھ 40 ہزار شکایات درج ہوئیںجن میں سے 99.18 فیصد حل کی گئیں۔ حل شدہ شکایات میں 94.95 فیصد کا ازالہ نیپرا کی مقررہ مدت کے اندر جبکہ 5.05 فیصد کا مقررہ مدت گزرنے کے بعد کیا گیا۔اجلاس میں تمام ڈسکوز کی کارکردگی، شکایات کے بروقت ازالے اور تاخیر سے حل ہونے والے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ بجلی کی بندش، لائن فالٹ اور وولٹیج سے متعلق شکایات مجموعی تعداد کا تقریباً 77 فیصد رہیں۔وفاقی وزیر نے نیپرا کی مقررہ مدت پر سختی سے عملدرآمد، شکایات کی مسلسل نگرانی اور کوتاہی کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ چیف ایگزیکٹو کیسکو نے بتایا کہ تاخیر پر 38 ایس ڈی اوز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ۔اویس لغاری نے 118 سروس کو شفاف، مو ثر اور قابلِ اعتماد بنانے، صارفین کو شکایات کی پیش رفت سے آگاہ رکھنے اور بروقت ازالہ یقینی بنانے پر زور دیا۔اویس لغاری نے تمام ڈسکوز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کے بروقت ازالے کی مسلسل نگرانی کریں۔