تعلیمی بورڈز :ڈائریکٹر سپورٹس کی متعدد پوسٹیں عرصے سے خالی

کلرکس کے پاس چارج ،فیصل آباد بورڈ میں دو سال سے ڈائریکٹر سپورٹس موجود نہیں
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں ڈائریکٹر سپورٹس کی متعدد پوسٹیں کئی سال سے خالی پڑی ہیں۔ ملتان بورڈ میں یہ اہم عہدہ گزشتہ دس سال سے خالی ہے، جبکہ فیصل آباد بورڈ میں بھی دو سال سے ڈائریکٹر سپورٹس تعینات نہیں۔ بعض بورڈز میں کلرکس کو اضافی چارج دے کر کام چلایا جا رہا ہے۔ تاہم اب وزیر تعلیم نے خالی اسامیوں پر تعیناتی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈز میں کھیلوں کے فروغ اور طلبا کی کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے ڈائریکٹر سپورٹس کا اہم کردار ہوتا ہے، لیکن پنجاب کے متعدد بورڈز میں یہی عہدہ کئی سال سے خالی چلا آرہا ہے۔ملتان تعلیمی بورڈ میں ڈائریکٹر سپورٹس کی پوسٹ گزشتہ دس سال سے خالی ہے، جبکہ فیصل آباد بورڈ میں بھی یہ عہدہ دو سال سے خالی پڑا ہے۔سرگودھا، ساہیوال اور گوجرانوالہ کے تعلیمی بورڈز میں بھی ڈائریکٹر سپورٹس کی پوسٹیں کئی سال سے خالی ہیں۔مستقل افسران کی عدم موجودگی کے باعث بعض تعلیمی بورڈز میں کلرکس کو ڈائریکٹر سپورٹس کا اضافی چارج دے کر امور چلائے جا رہے ہیں۔کئی سال تک اہم عہدوں پر مستقل تعیناتی نہ ہونے سے بورڈز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اب محکمہ تعلیم کی جانب سے خالی اسامیوں پر مستقل تعیناتی کے لیے پیش رفت شروع کردی گئی ہے۔