کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا، افسوسناک حادثے کے نتیجے میں حاملہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ مشتعل شہریوں نے ٹرالر پر پتھراؤ کرنے کے بعد اسے آگ لگا دی۔تفصیلات کے مطابق حادثہ لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب پیش آیا، جہاں گتے کے رولز سے لدے تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔حادثے کے فوری بعد ٹرالر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ واقعے پر مشتعل شہریوں نے ٹرالر پر شدید پتھراؤ کیا، جس سے اس کے شیشے ٹوٹ گئے، بعد ازاں شہریوں نے ٹرالر کو آگ لگا دی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں ٹرالر پر لدے گتے کے رولز بھی جل کر خاکستر ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے ٹرالر میں لگی آگ پر قابو پایا، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے حادثے میں جاں بحق خاتون اور زخمی شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔اسپتال میں جاں بحق خاتون کی شناخت فائزہ کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی شوہر کی شناخت فہیم کے نام سے کی گئی۔ فہیم کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر متاثرہ میاں بیوی کے اہل خانہ بھی عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ اہل خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال تھے، جبکہ بچوں سمیت خاندان کے دیگر افراد کی آہ و بکا نے ماحول کو سوگوار کردیا۔متوفیہ فائزہ کے بڑے بھائی مظہر نے اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن حاملہ تھی اور اپنے شوہر کے ہمراہ طبی معائنے کے لیے سندھ گورنمنٹ اسپتال گئی تھی۔ طبی معائنے کے بعد دونوں احسن آباد میں واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ اسپتال سے کچھ فاصلے پر حادثے کا شکار ہوگئے۔مظہر کے مطابق فائزہ کے دو بچے ہیں، جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ وہ سات بھائیوں اور تین بہنوں سمیت دس بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ٹرالر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے ٹرالر اور موٹرسائیکل کو تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش بھی جاری ہے۔دوسری جانب کراچی میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہر میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 745 سے تجاوز کرچکی ہے۔