عاطف اسلم کے کنسرٹ میں مداح نے موبائل فون اسٹیج پر پھینک دیا

کراچی (آئی این پی) معروف گلوکار عاطف اسلم کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں ایک مداح نے پرفارمنس کے دوران موبائل فون اسٹیج پر پھینک دیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم گانا گا رہے تھے کہ اچانک موبائل فون اسٹیج پر آ گرا، عاطف اسلم نے گانا روک کر فون اٹھایا، اسے دیکھا اور پھر مداحوں کی جانب بلند کر کے دکھایا۔انہوں نے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ فون ہی پھینک دیا اوپر، یہ تو ٹوٹ چکا ہو گا اب تک۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کنسرٹ میں مداحوں کے رویے اور آداب پر بحث کی جا رہی ہے۔بعض صارفین نے نشاندہی کی ہے کہ ویڈیو میں ایک اور مداح کی جانب سے سبز دوپٹہ بھی اسٹیج پر پھینکا جاتا دکھائی دے رہا ہے۔